خیبر پختونخوا میں خواجہ سرا افراد کی باقاعدہ رجسٹریشن کے لیے سماجی بہبود محکمہ نے نیا رجسٹریشن فارم متعارف کروا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواجہ سرا برادری کو سرکاری ریکارڈ میں شامل کرنا اور انہیں فلاحی پروگراموں، سماجی تحفظ اسکیموں اور سرکاری امدادی اقدامات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔
تقریب رونمائی میں سماجی بہبود، نادرا، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس اور کمیونٹی کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ شرکاء نے کہا کہ درست ڈیٹا کی عدم موجودگی خواجہ سرا افراد کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور رجسٹریشن انہیں سرکاری سہولیات، روزگار کوٹے اور تحفظ کے میکانزم تک رسائی فراہم کرے گی۔
نادرا حکام نے اعلان کیا کہ موبائل رجسٹریشن یونٹس کے ذریعے گھروں اور دیگر مقامات پر جا کر خواجہ سرا افراد کو ریکارڈ میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ سرکاری نظام کا حصہ بن سکیں۔






