راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے سات دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کی گئی، جہاں آپریشن کے دوران چھ دہشتگرد مارے گئے۔ دوسری کارروائی سپن وام میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور خارجی ہلاک ہوا۔
بیان کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن اعظم استحکم کے تحت بھرپور انداز میں انسدادِ دہشتگردی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





