راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف سے ان کی بہن عظمیٰ خان اور وکیل سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد عمران خان کی صحت کے حوالے سے پہلا بیان سامنے آیا ہے۔
جیل انتظامیہ نے جیل مینوئل کے عین مطابق عظمیٰ خان اور وکیل سلمان صفدر کو شرطیہ طور پر ملاقات کی اجازت دی، جس میں واضح کیا گیا کہ ملاقات کے دوران یا اس کے بعد کسی قسم کی سیاسی گفتگو یا سرگرمی نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ اجازت قانون اور ضوابط کے مطابق دی گئی ہے اور ملاقاتوں کے تسلسل کے لیے اسی نوعیت کی پابندی برقرار رکھی جائے گی، بصورتِ دیگر اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی جا سکتی ہے۔
تحریک انصاف نے سلمان صفدر اور عظمیٰ خان کو ملاقات کے لیے نامزد کیا، جسے ذرائع نے دانشمندانہ قدم قرار دیا ہے۔ ذرائع نے ساتھ ہی کہا کہ اب پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرے تاکہ فیملی اور وکلاء کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہ سکے۔
ملاقات کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور دونوں بہنوں سے مشاورت کے بعد وہ تفصیلی بیان دیں گی۔





