وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے طوفان دتوا سے متاثرہ سری لنکا کے لیے اضافی امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور سے کولمبو جانے والی کمرشل فلائٹ کے ذریعے 20 ٹن امدادی سامان بھیجا گیا، جس میں ترپال کی چادریں اور خشک دودھ شامل ہیں۔
پاک فوج کی 47 رکنی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم پہلے ہی سری لنکا میں موجود ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں شروع کر چکی ہے۔
این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کی ہدایات کے تحت 200 ٹن امدادی اشیا سمندر کے راستے بھیجی ہیں، جبکہ پاک بحریہ اور ہوائی اثاثے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان طوفان سے متاثرہ سری لنکا کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور بحران کے وقت دوست ممالک کے ساتھ کھڑا رہے گا۔





