جمہوریت مذاکرات سے مضبوط ہوتی ہے، ڈیڈلاک نقصان دہ ہے: رانا ثناء اللہ

0
719

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور و سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمہوریت ہمیشہ مذاکرات سے مضبوط ہوتی ہے جبکہ ڈیڈلاک اسے کمزور کرتا ہے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم دو بار ایوان کے فلور پر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، حتیٰ کہ انہوں نے یہ بھی پیشکش کی کہ اگر اپوزیشن اسپیکر چیمبر میں بات کرنا چاہے تو وہ خود وہاں پہنچ جائیں گے۔ ان کے مطابق وزیراعظم ’میثاقِ استحکامِ جمہوریت‘ کے لیے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔

جیل ملاقاتوں سے متعلق معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ ملاقاتیں مکمل طور پر قانون اور انصاف کے مطابق ہوتی ہیں، اور قانون کسی قیدی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ جیل میں بیٹھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہدایات دے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی بہن سے ملاقات میں امن و امان میں خلل ڈالنے اور پارٹی معاملات میں مداخلت کرنے کی ہدایات دیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود ہی کہتے ہیں کہ وہ حکومت سے بات نہیں کرنا چاہتے، جبکہ جن سے وہ بات کرنے کے خواہش مند ہیں وہ اس پر آمادہ نہیں۔ ان کے مطابق جیل ملاقات میں خاندانی گفتگو نہیں ہوئی بلکہ پیسے کے لین دین اور پارٹی شمولیت یا اخراج سے متعلق احکامات دیے گئے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ تمام ملاقاتیں قانون کے مطابق ہوں گی، اور کسی ایسی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے ریاستی امن و امان متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اگر کوئی کمیٹی بنانی ہے تو اپوزیشن کو پہلے اپنی قیادت سے مشاورت کرنی چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا