جعلی ویزہ اسکینڈل میں ملوث مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

0
424

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جعلی ویزوں کے دھندے میں ملوث مافیا کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر سمندر پار پاکستانیز چودھری سالک حسین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا اور امیگریشن سسٹم میں اصلاحات کی جائیں گی۔ اجلاس میں 7 روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ جنوری سے اسلام آباد میں اے آئی بیسڈ ایپ کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا، جس سے پہلے سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ کون سفر کے قابل ہے اور کون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپورٹ شدہ افراد کے پاسپورٹ منسوخ ہونے کے بعد دوبارہ ویزہ نہیں دیا جائے گا، اور یکساں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس نیشنل پولیس بیورو سے جاری کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ جعلی ویزوں اور ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا جائے گا اور گرین پاسپورٹ کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے دیگر ممالک سے رابطے جاری ہیں۔

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چودھری سالک حسین نے کہا کہ پروٹیکٹر کا مکمل شفاف نظام وقت کی ضرورت ہے، اور لیبر ویزے پر جانے والے افراد کے پاس مستند دستاویزات ہونا ضروری ہیں۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز پروٹیکٹر اور امیگریشن سسٹم میں بہتری کے لیے وزارت داخلہ کے ساتھ تعاون کرے گی۔

اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن اور نامکمل دستاویزات کے حامل افراد کے خلاف کارروائی، ای ڈرائیونگ لائسنس، پروٹیکٹر سٹامپ اور امیگریشن امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکرٹری و سپیشل سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، چیئرمین نادرا، ڈی جی و دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا