راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد مارے گئے۔
لکی مروت میں کی گئی دوسری کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید عناصر کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ “وژن عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف فورسز کی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور سکیورٹی فورسز کا عزم اس فتنے کے مکمل خاتمے تک مضبوط رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک اور لکی مروت میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔






