کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے سوئی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت ایک سو سے زائد مسلح افراد نے ہتھیار ڈال دیئے۔
حکام کے مطابق مسلح افراد نے ہتھیار رکھ کر پاکستان کا جھنڈا تھاما اور ریاست سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی اور اُن کے ساتھیوں نے اسلحہ میر آفتاب احمد بگٹی کے حوالے کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کمانڈر اور دیگر رہنماؤں کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سوئی، ڈیرہ بگٹی میں وڈیرہ نور علی چاکرانی اور سو سے زائد ساتھیوں کا قومی دھارے میں شمولیت کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہتھیار ڈالنے والوں نے پاکستان کا پرچم اٹھا کر امن کے سفر کا آغاز کیا، یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ریاست نے کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ریاست مخالف عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ہتھیار پھینک کر آئینِ پاکستان تسلیم کرنے والوں کو گلے لگانے کا عمل بھی جاری رہے گا۔ البتہ جو ریاست کی نرمی کو کمزوری سمجھے گا، اس کا آخری دم تک تعاقب کیا جائے گا۔






