اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 38 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق یہ رقم پنجاب میں زراعت، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ مجموعی فنڈز میں 12 کروڑ ڈالر کا رعایتی قرض جبکہ 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ (امداد) بھی شامل ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ رقم کے ذریعے پنجاب میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا، صحت عامہ کے مراکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور چھوٹے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ فنڈز سے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور سہولیات تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔
اس سے قبل پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تین اہم معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔ بینک سڑکوں اور پانی کے منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 6 کروڑ 18 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔
ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق دونوں جانب سے ایم ایل ون کراچی تا روہڑی سیکشن کے لیے ریڈینیس فنانسنگ، کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لیے پراجیکٹ ریڈینیس فنانسنگ، اور بلوچستان واٹر ریسورسز ڈیولپمنٹ سیکٹر کے لیے اضافی فنانسنگ پر دستخط کیے گئے۔
معاہدوں پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد کریم اور سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ نے دستخط کیے، جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے معاہدوں پر دستخط کیے۔






