راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں فورسز نے مؤثر ردعمل دیتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ وہ بلوچستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش اور صفائی کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔





