کوئٹہ:
بلوچستان کے علاقے سوئی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت ایک سو سے زائد افراد نے ہتھیار ڈال دیئے۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں مسلح افراد نے ہتھیار پھینک کر پاکستان کا جھنڈا تھام لیا اور ریاست پاکستان سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی اور ان کے ساتھیوں نے اسلحہ میر آفتاب احمد بگٹی کے حوالے کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کمانڈر اور تمام رہنماؤں کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سوئی ڈیرہ بگٹی میں وڈیرہ نور علی چاکرانی اور ان کے سو سے زائد ساتھیوں کا قومی دھارے میں شمولیت کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والوں نے پاکستان کا پرچم اٹھا کر امن کے سفر کا آغاز کیا، یہ واضح پیغام ہے کہ ریاست نے بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ریاست مخالف عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں جبکہ ہتھیار پھینک کر آئینِ پاکستان تسلیم کرنے والوں کو گلے لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ریاست کی نرمی کو کمزوری سمجھے گا، اس کا آخری دم تک تعاقب کیا جائے گا۔






