لاہور ہائیکورٹ نے انجینئر محمد علی مرزا کی درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ سے جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس شہرام سرور نے انجینئر محمد علی مرزا کی ایف آئی اے کی تحقیقات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی، جس میں ایف آئی اے اور پنجاب قرآن بورڈ کو فریق بنایا گیا ہے۔
انجینئر محمد علی مرزا نے ایڈووکیٹ نبیل جاوید کاہلوں کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے درخواست گزار کو نوٹس جاری کیے بغیر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سوشل میڈیا پر ویڈیو کے حوالے سے فتویٰ کے لیے پنجاب قرآن بورڈ کو بھیج دیا، جس نے پرانی ویڈیو پر درخواست گزار کو گناہ گار قرار دیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ پنجاب قرآن بورڈ کو فتویٰ جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے اور یہ ادارہ صرف قرآن پاک کی اشاعت کے معاملات دیکھتا ہے۔ انجینئر محمد علی مرزا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے خلاف جاری فتویٰ کو کالعدم قرار دے کر ایف آئی اے کی تحقیقات ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔






