آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی میں فیس لیس ای چالان کے مثبت نتائج کے بعد اس کا دائرہ کار صوبے کے سات اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی سندھ کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اجلاس ہوا جس میں مختلف افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور پی ڈی آئی ٹی نے صوبے کے دیگر شہروں میں فیس لیس ای ٹکٹنگ کے نفاذ اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کے سات اضلاع — ٹھٹہ، خیرپور، شہید بے نظیرآباد، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان اور لاڑکانہ — میں ای ٹکٹنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ تمام اضلاع میں سہولت مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چند روز میں سہولت سینٹرز کے عملے کو تربیت فراہم کر دی جائے گی۔ ایس فور (S4) منصوبے کے تحت نصب کیمروں سے حیدرآباد میں ای ٹکٹنگ کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے اور دیگر اضلاع میں نصب کیمروں اور آلات کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پی ڈی آئی ٹی کے مطابق نئے کیمرے نمبر پلیٹ اور دیگر خلاف ورزیوں کی شناخت کر سکتے ہیں جبکہ باقی اضلاع میں کیمروں کو جلد اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ تمام ڈی آئی جیز اپنے اضلاع میں TRACS کے نفاذ سے قبل بھرپور آگاہی اور تشہیری مہم چلائیں۔ اسٹیک ہولڈرز، میڈیا، ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کو اعتماد میں لیا جائے اور ٹریفک قوانین، ہیلمیٹ کے استعمال، نمبر پلیٹ اور دیگر خلاف ورزیوں کے بارے میں عوام کو مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔






