صادق آباد کے علاقے مرید شاخ انٹرچینج ایم فائیو پر مسلح ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کر دیا اور 25 افراد کو اغوا کر کے لے گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں بس کے ڈرائیور سمیت متعدد مسافر زخمی بھی ہوئے۔
کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو گڈو کشمور لنک روڈ پر روک کر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بس رکنے کے بعد 25 مسافروں کو اغوا کر کے لے جایا گیا جبکہ دیگر مسافر گنے کی فصل میں چھپ کر جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے مسافر کوچ اور دیگر گاڑیوں میں موجود افراد سے لوٹ مار بھی کی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا۔
سندھ پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا شدگان کی حتمی تعداد کا تعین ابھی ممکن نہیں، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور تھانہ ماچھکہ کی پولیس کے ساتھ موٹر وے پولیس بھی تعینات کی گئی ہے۔






