امریکی تفتیشی اداروں نے کیلیفورنیا میں سال نو کی شب پانچ بم دھماکوں کے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا میں بیک وقت چار حملوں کے لیے دیسی ساختہ بم تیار کرنے والے افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ہونے والوں میں 30 سالہ آڈری ایلیین کیرول، 32 سالہ زیکری آرون پیج، 24 سالہ ڈینٹے گیفیلڈ اور 41 سالہ ٹینا لائی شامل ہیں۔ ان پر سازش، تباہ کن آلات رکھنے اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ افراد فلسطین نواز انتہا پسند تنظیم ٹرٹل آئی لینڈ لبریشن فرنٹ کے ذیلی دھڑے سے وابستہ تھے اور لاس اینجلس میں پانچ مختلف مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پانچواں شخص نیو اورلینز میں علیحدہ حملے کی تیاری میں گرفتار ہوا۔
امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے اس منصوبے کو حکومت مخالف، سرمایہ داری مخالف اور فلسطین نواز دہشت گردانہ منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اگر یہ حملے ہو جاتے تو نئے سال کی رات ایک بڑے دہشت گردی کے واقعے میں تبدیل ہو سکتی تھی۔
تفتیش کاروں نے ایک صحرائی کیمپ سے بم بنانے کا سامان برآمد کیا، جس میں مختلف سائز کے پی وی سی پائپ اور مشتبہ پوٹاشیم نائٹریٹ شامل تھے، جو تمام ملزمان خود ساتھ لے کر آئے تھے۔






