راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح قومی ٹیم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاندار کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور متعلقہ حکام کو ایشیا کپ جیتنے پر دلی مبارکباد دی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کے ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے ٹیم کے ڈسپلن، ٹیم ورک اور جرات مندانہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کے مستقبل کی بنیاد ہیں، جن کی توانائی، صلاحیت اور کردار قوم کی ترقی اور عالمی سطح پر مقام کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فیلڈ مارشل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، ایمانداری اور لگن کے ساتھ مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کریں اور قومی ترقی میں مثبت حصہ ڈالیں۔
اس موقع پر انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی اور بھرپور حمایت ان کے لیے باعثِ خوشی اور مزید حوصلے کا سبب ہے۔






