واشنگٹن: امریکا نے بین الاقوامی پانیوں میں کارروائی کرتے ہوئے وینزویلا کے ایک خام تیل بردار بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا، جو رواں ماہ ضبط کیا جانے والا تیسرا آئل ٹینکر ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جہاز خالی تھا اور وینزویلا واپس جا رہا تھا کہ امریکی حکام نے اسے قبضے میں لے لیا۔
وینزویلا نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، جبکہ امریکا کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی پابندیوں کے تحت عمل میں لائی گئی۔ امریکی فوج نے بھی خطے میں اپنی عسکری سرگرمیاں بڑھا دی ہیں، جس میں طیارہ بردار جہاز، جنگی بحری جہاز اور جدید لڑاکا طیارے شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زمینی فوجی کارروائی کے امکانات سے انکار نہیں کیا، جس سے خطے میں ممکنہ کشیدگی اور بڑے تصادم کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ عالمی برادری کی نظریں امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر مرکوز ہیں۔






