فیڈرل اردو یونیورسٹی کے سالانہ مجلہ ’’پہل‘‘ کا دوسرا ایڈیشن جاری، گرین جرنلزم کے لیے مختص

0
277

اسلام آباد: ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ، فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے سالانہ مجلہ ’’پہل‘‘ کا دوسرا ایڈیشن منظرِ عام پر آ گیا ہے، جسے اس بار گرین جرنلزم کے موضوع کے لیے خصوصی طور پر مختص کیا گیا ہے۔

’’پہل‘‘ میگزین میں گلوبل وارمنگ اور ماحولیات سے متعلق اہم مسائل پر ماہرینِ ماحولیات، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے تحقیقی و فکری مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ مجلے کے مولف اور مدیرِ اعلیٰ اسسٹنٹ پروفیسر ماس کمیونیکیشن ڈاکٹر سکندر زرین ہیں۔

فیڈرل اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی زیرِ صدارت مجلے کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فیصل جاوید، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ گلوبل وارمنگ جیسے اہم مسئلے کو قلم کے ذریعے اجاگر کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی کا مثبت اور ذمہ دار چہرہ پیش کر رہا ہے، جبکہ اردو یونیورسٹی عالمی اداروں کے ساتھ مل کر ماحولیات کے شعبے میں کام کرے گی۔

معروف ماحولیاتی مصنف اور کالم نگار آصف محمود نے ’’پہل‘‘ کے گرین جرنلزم ایڈیشن کو ایک شاندار اور معیاری دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سکندر زرین کی ادارت میں جو کام ہوا ہے، وہ بڑے اداروں کے کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز، وزارتِ ماحولیات، میڈیا اداروں اور صحافیوں کو اس مجلے کو بطور رہنما دستاویز استعمال کرنا چاہیے۔

انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر نے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ’’پہل‘‘ کو اردو یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک سنگِ میل قرار دیا۔ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ کا پیغام دینا ایک بہترین اقدام ہے، اور ڈیپارٹمنٹ نے ایک نئی اور مثبت پہل کی ہے۔

مجلے کے مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر سکندر زرین نے کہا کہ ’’پہل‘‘ کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ یہ طلبہ کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کا نچوڑ ہے۔ ہمارا مقصد طلبہ کو عملی تربیت اور پیشہ ورانہ اپروچ کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔

تقریب میں طالب علم ایڈیٹر ذاکر حسین اور ایڈورٹائزنگ ٹیم کی سربراہ ماہ نور نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ آخر میں وائس چانسلر نے اساتذہ اور طلبہ میں ’’پہل‘‘ میگزین تقسیم کیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا