واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تارکین وطن کو رضاکارانہ ملک چھوڑنے پر رقم دینے کی پیشکش کر دی ہے۔ امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق جو غیر قانونی تارکین وطن سال کے اختتام تک خود کو ڈی پورٹ کریں گے، انہیں مفت ہوائی ٹکٹ اور 3 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
محکمہ نے کہا کہ CBP Home ایپ کے ذریعے رضاکارانہ واپسی کے لیے رجسٹریشن کرانے والے افراد کو سفری سہولت کے ساتھ نقد رقم فراہم کی جائے گی۔ اس سے قبل یہ رقم 1,000 ڈالر تھی، جو اب بڑھا کر 3,000 ڈالر کر دی گئی ہے۔
سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے خبردار کیا کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر ملک نہیں چھوڑیں گے، انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور مستقبل میں امریکا میں داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رواں سال جنوری سے اب تک تقریباً 19 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن نے خود رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑ دیا ہے۔





