لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد نے پی آئی اے کی نجکاری کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ایم سی بی سے بڑا اسکینڈل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نجکاری سے پاکستان کے مفادات نہیں بلکہ عارف حبیب اور اس کے ذاتی مفادات کو فائدہ ہوا ہے۔
چوہدری منظور احمد نے کہا کہ پی آئی اے کے اثاثے ہزاروں ارب روپے کے ہیں جبکہ اس پر قرضہ تقریباً 650 ارب روپے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 13 جہازوں کے ساتھ پی آئی اے نے 26 ارب روپے کا منافع کمایا، اور موجودہ 30 جہازوں سے یہ منافع کئی گنا بڑھ سکتا تھا۔
رہنما پی پی پی نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے پراویڈنٹ فنڈ، عمارتیں، اسپئر پارٹس، ہینگرز، گاڑیاں اور انٹرنیشنل لینڈنگ روٹس بھی نجکاری میں شامل کیے گئے، جبکہ یہ تمام اثاثے ملکی مفاد میں رہنا چاہیے تھے۔
چوہدری منظور احمد نے خبردار کیا کہ نجکاری کے بعد ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن متاثر ہوں گی اور پرائیوٹائزیشن سے ملک و عوام کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن ایک سراسر زیادتی اور ظلم ہے اور یہ ایم سی بی سے بڑا اسکینڈل ثابت ہوگی۔






