اسلام آباد: ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے چوہدری سرفراز کی رشوت کے مقدمے میں ضمانت خارج کر دی گئی، جبکہ عدالت نے دو دیگر افسران کی ضمانت منظور کر لی۔
ایف آئی اے سینٹرل کورٹ کے جج کے روبرو این سی سی آئی اے افسران کے خلاف رشوت لینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر زاور اور ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان کی ضمانتیں منظور کر لیں، جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی ضمانت خارج کر دی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زاور اور عثمان کی جانب سے ایڈووکیٹ فاروق باجوہ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز کی نمائندگی ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق نے کی۔
دفاعی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف رشوت لینے کے شواہد ایف آئی اے پیش نہیں کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ 90 لاکھ روپے کا تھا، جبکہ ریکوری 4 کروڑ روپے سے زائد کی گئی، اور ملزمان کے خلاف کوئی بھی متاثرہ شخص سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف رشوت لینے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔





