اسلام آباد: پی ٹی آئی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے وزیراعظم کی مشروط مذاکراتی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کسی صورت مذاکرات نہیں کریں گے اور مینڈیٹ چوری ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے، اور حکومت اگر سنجیدہ ہے تو تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سے بات کرے۔
شیخ وقاص اکرم نے معافی کا مطالبہ سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن قرار دیا اور کہا کہ فارم 47 کے وزراء عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بانی چیئرمین کو تنہائی میں غیر انسانی حالات میں قید رکھنے اور جبر و دھمکیوں سے عوامی حمایت ختم نہ کرنے کا ذکر کیا۔ شیخ وقاص نے مزید کہا کہ فلسطین، قومی خودمختاری اور پاکستان کے اصولی مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ملکی وقار پر خفیہ سودے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔






