حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اور متعدد دیگر اعلیٰ رہنماؤں کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ تنظیم کے بیان کے مطابق ابو عبیدہ، حماس کے سربراہ محمد سنوار، رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شعبانہ اور کمانڈرز حکم العیسیٰ اور رائد سعد رواں برس مختلف مقامات پر اسرائیلی حملوں اور جھڑپوں کے دوران شہید ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج اس سے قبل مئی 2025 میں محمد سنوار اور ستمبر 2025 میں ابو عبیدہ کی ہلاکت کا دعویٰ کر چکی تھی، جس کی اب باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے۔
حماس کے مطابق ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت تھا۔ وہ کئی برس تک القسام بریگیڈز کے ترجمان رہے اور غزہ میں مزاحمت کی سب سے نمایاں آواز سمجھے جاتے تھے۔ وہ ہمیشہ نقاب میں نظر آتے اور جنگی صورتحال، قیدیوں کے تبادلے اور میدانِ جنگ سے متعلق بیانات جاری کرتے رہے۔
ابو عبیدہ کا آخری بیان ستمبر کے اوائل میں سامنے آیا تھا، جب غزہ سٹی میں شدید فوجی کارروائیوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی اور نقل مکانی ہوئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حماس کے اہم رہنما اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار اور محمد ضیف شہید کیے جا چکے ہیں۔






