لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں 21 سالہ طالبہ نے عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئی۔ طالبہ کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خودکشی کی کوشش کرنے والی طالبہ کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈی فارم کی طالبہ ہے۔ پولیس کے مطابق فاطمہ کو یونیورسٹی میں داخلہ لیے اڑھائی سے تین ماہ ہو چکے تھے اور اس کی حاضری 90 فیصد تھی، جبکہ غیر حاضری کا کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں طالبہ کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئی ہیں اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ طالبہ کے ہوش میں آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔ پولیس نے طالبہ کا موبائل فون قبضے میں لے کر دیگر شواہد کے ساتھ تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسی یونیورسٹی میں ڈی فارم کے ایک اور طالبعلم نے بھی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا تھا۔





