اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کے لیے شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے شوگر سیکٹر کے لیے جامع پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت کسانوں کو گنا کاشت کرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔
پلان کے مطابق شوگر ایکسپورٹ پر سبسڈی اور نئی شوگر ملز لگانے پر پابندی ختم کرنے کی تجویز ہے جبکہ چینی کی برآمد اور درآمد پر پابندی بھی ہٹانے کی تجویز شامل ہے۔
حکومت گندم کے بعد چینی کے شعبے کو بھی مارکیٹ فورسز کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ مارکیٹ زیادہ آزاد اور شفاف ہو۔
مجوزہ پلان کے تحت کسان کسی زون یا اقسام کی پابندی کے بغیر گنا کاشت کر سکیں گے اور کسی بھی شوگر مل کو گنا یا گڑ فروخت کرنے میں آزاد ہوں گے۔
گنے کی قیمت کا تعین اب سرکار نہیں بلکہ مارکیٹ فورسز کریں گی، جس سے شفافیت اور مقابلہ بڑھانے کی توقع ہے۔






