پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ یہاں نیتوں میں فرق ہے اور صرف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ختم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملٹری آپریشن کے مناظر ہم پہلے دیکھ چکے ہیں اور دوبارہ یہ مناظر دیکھنا نہیں چاہتے۔انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز شعر سے کیا اور کہا کہ ڈگری لینے کے بعد طلبہ صوبے اور ملک کیلئے خدمات انجام دیں گے۔
سہیل آفریدی نے وی سی کی انگریزی تقریر پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قومی زبان اردو ہے، تقاریر اردو میں ہونی چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ایک مخصوص مائنڈ سیٹ خیبرپختونخوا کی ترقی نہیں چاہتا، دہشت گردی سے متعلق بیانات پر انہیں شدید دکھ پہنچا۔
انہوں نے کہا بند کمروں میں فیصلے خطرناک ہوتے ہیں، ملٹری آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے، اگر کرنا ہے تو اعتماد میں لیا جائے۔سہیل آفریدی نے بتایا کہ ماضی کے آپریشنز سے اسکول، اسپتال اور گھر تباہ ہوئے، ڈرون حملوں اور دھماکوں میں لوگ شہید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کرنے کے نام پر دراصل عمران خان اور پی ٹی آئی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں مگر مزید تباہی نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا یہ آنسو خوف کے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے ہیں، خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین کا پیغام لے کر کراچی جا رہے ہیں، سندھ حکومت سے رابطہ نہیں ہوا تاہم پارٹی تنظیم سے رابطے میں ہیں۔





