یکم جنوری سے بجلی کے بنیادی نرخ میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافہ

0
753

اسلام آباد: یکم جنوری سے بجلی کے اوسط بنیادی نرخ میں ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی درخواست پر بنیادی ٹیرف سے متعلق فیصلہ جاری کر کے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے، جس کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق یکم جنوری سے بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ اس وقت ملک میں نافذ بنیادی ٹیرف 31 روپے 59 پیسے فی یونٹ ہے۔ اس طرح نیا متعین کردہ ٹیرف موجودہ نرخ سے ایک روپے 79 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق رواں سال کے لیے ڈسکوز کی مجموعی مالی ضروریات کا تخمینہ 3 ہزار 379 ارب روپے لگایا گیا ہے، جس میں 2 ہزار 923 ارب روپے بجلی کی خریداری کی لاگت جبکہ 456 ارب 15 کروڑ روپے بجلی کی تقسیم سے متعلق اخراجات شامل ہیں، جن میں منافع بھی شامل ہے۔

نیپرا کے مطابق رواں سال بجلی کی سالانہ فروخت کا تخمینہ 101 ارب یونٹس لگایا گیا ہے، جبکہ یکساں ٹیرف کے نفاذ کے لیے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 93 پیسے فی یونٹ کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ کمی نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بجلی کے بلوں میں اس کمی کا ریلیف ملے گا، تاہم لائف لائن صارفین اس ریلیف سے مستفید نہیں ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا