: بھاٹی گیٹ جیسے واقعات ناقابلِ قبول ہیں، ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی عظمیٰ بخاری

0
259

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ غلطی کسی سے بھی ہو سکتی ہے تاہم ایسے واقعات پیش نہیں آنے چاہئیں، اور اتنی بڑی آبادی میں اس نوعیت کا واقعہ پیش آنا حکمرانوں کے لیے یقیناً ایک سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو وزیراعلیٰ پنجاب نے تسلیم کیا، اس پر معذرت بھی کی اور اس حوالے سے ہونے والی میٹنگ میں واضح کیا کہ تمام افسران کی میٹنگ کو لائیو ٹیلی کاسٹ نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ وزیراعلیٰ نے اس بات کو مانا کہ غلطی ہوئی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ جو بھی اس کا ذمہ دار ہوگا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عوام کے سامنے حقائق رکھنا ایک آسان فیصلہ نہیں ہوتا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب اس معاملے پر پرعزم تھیں کہ کوئی بات چھپانی نہیں اور تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مین ہول کورز کی چوری ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، اکثر نشئی افراد رات کے وقت ان کو چوری کرکے لے جاتے ہیں جس سے شہریوں کی جان کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید بتایا کہ چند روز قبل سیف سٹی کیمروں میں ایک واقعہ ریکارڈ ہوا جس میں دیکھا گیا کہ ایک رکشہ ڈرائیور صبح تقریباً چار بجے اپنی فیملی کے ہمراہ آیا اور سڑک سے لوہے کے مین ہول کور اٹھا کر لے گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک معیاری اور مخصوص مین ہول کور تیار کیا جائے گا جسے مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کے تحت جو شخص اس کور کو بیچے گا یا خریدے گا، دونوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا