زرعی مصنوعات ، ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب بڑا قدم: وزیراعظم

0
185

وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح کر دیا اور کہا ہے کہ اس ادارے کی ڈرگ لیبارٹری نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کی خدمت کرے گی۔

افتتاحی تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لیبارٹری کے مختلف شعبہ جات اور ان کے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اصلاحاتی اقدامات اور وژن کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی مصنوعات اور ادویات کی شفاف اور مؤثر نگرانی کے لیے پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں خطے کا سینٹر آف ایکسیلنس بنے گا۔

وزیراعظم نے پنجاب میں اصلاحاتی اقدامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سائنسدانوں، ماہرین اور متعلقہ عملے کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ان اقدامات پر مبارکباد کی مستحق ہیں، کیونکہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کے لیے قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف ناقابل تردید شواہد فراہم کرنے کے لیے فرانزک لیبارٹریز کا جال بچھایا جا رہا ہے جو انصاف کے نظام کو مضبوط بنائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام عوامی خدمت کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور صوبے میں ڈیجیٹل انقلاب کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جبکہ میرٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت حکومت کا شعار ہے اور جدید ٹیسٹنگ لیبارٹریز نہ ہونے کی وجہ سے ماضی میں برآمد کنندگان اور صارفین دونوں کو نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود معیاری ٹیسٹنگ لیب کا نہ ہونا ایک لمحہ فکریہ تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ سیٹلائٹ کرائم سین یونٹس کا دائرہ کار صوبے کے 38 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی دس سال کی مسلسل محنت کا ثمر ہے جو اب عوامی مفاد کے لیے فعال ہو چکی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا