گجرپورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف رشوت اور شہریوں سے پتنگیں لینے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ چار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں شہریوں سے پیسے اور گڈیاں وصول کرنے کی تفصیلات شامل ہیں۔
لاہور: گجرپورہ پولیس کے چار اہلکاروں کے خلاف شہریوں سے رشوت اور پتنگیں لینے کے الزام پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق تھانہ گجرپورہ کے اے ایس آئی امجد، مرتضیٰ، نصیر احمد اور کانسٹیبل عرفان نے عثمان، سفیان اور سبحان کو گڈیاں لے جاتے ہوئے روکا اور بار کوڈ کا بہانہ بنا کر ان سے پیسوں کا مطالبہ کیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے شہریوں سے 56 ہزار روپے اور 100 گڈیاں وصول کرنے کے بعد انہیں چھوڑ دیا۔
اہلکاروں کی موبائل فون پر گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر اعلیٰ افسران نے نوٹس لیتے ہوئے چاروں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ ڈی ایس پی گجرپورہ نعیم انور کی مدعیت میں دفعہ 155/C سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔





