بانی پی ٹی آئی کی صحت پر شدید تحفظات ہیں، ملاقات فیملی کا حق ہے:راجہ ناصر

0
396

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان پاکستان کے معزز شہری ہیں اور ان کی صحت سے متعلق شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے سوال اٹھایا کہ کیا پولیس کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پرامن مظاہرین پر لاٹھیاں برسائے اور انہیں تھانوں میں بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کسی صورت قابلِ قبول نہیں، حتیٰ کہ فرعون کے دور میں بھی ظلم کی مذمت کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومتیں عوام کو حقوق دینے کے لیے ہوتی ہیں، بانی پی ٹی آئی کے بھی کچھ بنیادی حقوق ہیں جن کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ پہلے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی بیمار ہی نہیں، مگر اب ان کی صحت کے حوالے سے ہمارے سخت تحفظات ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے سے آخر کیا مسئلہ پیدا ہو جائے گا؟

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا ان کی فیملی کا بنیادی حق ہے، کسی کو اس معاملے پر خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیا ایک بزرگ سیاستدان کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی؟

علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن 8 فروری کو پرامن احتجاج کرے گی۔ ہم نے نہ ٹریفک بند کرنے کی بات کی ہے اور نہ دکانیں بند کرنے کا کہا ہے، پھر لوگوں کو اٹھایا کیوں جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات فاشزم کی علامت ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے پہلے بھی سوالات کیے گئے مگر کوئی جواب نہیں آیا، پارلیمنٹ کو غیرمتعلقہ بنا دیا گیا ہے جو دانشمندانہ طرزِ عمل نہیں۔ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ ٹرائل کورٹ جائیں، سیاستدانوں کو سیاست سے محروم کرنا اور انہیں بیان دینے سے روکنا بھی ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کے ساتھ بھی ایسا ہوتا تو وہ ان کے حق میں بھی آواز اٹھاتے۔

آخر میں انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت کو ہدایت دیں کہ ایوان کو غیرمتعلقہ نہ بنایا جائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا