خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مختلف جھڑپوں کے دوران 24 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کی گئیں، جن میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس کے دوران خوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر میں بھی خفیہ اطلاعات پر ایک اور آپریشن کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر بھارتی سرپرست دہشتگرد عناصر کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، جن کا مقصد علاقے کو مکمل طور پر دہشتگردی سے پاک کرنا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ انسدادِ دہشتگردی مہم ویژن عزمِ استحکام کے تحت جاری ہے، اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کا فیصلہ کن کریک ڈاؤن مسلسل جاری ہے۔





