بنوں: سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

0
695

بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ اس اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا تھا کہ دہشت گردوں نے قافلے کو نشانہ بنایا۔

ترجمان کے مطابق اگلے دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار کو گاڑی سمیت روک لیا اور اس کے عزائم ناکام بنا دیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور بنوں شہر میں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، تاہم بروقت اقدام سے ممکنہ بڑا سانحہ ٹال دیا گیا۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ تاہم جھڑپ کے دوران دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

دھماکے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کا تعلق مانسہرہ سے تھا اور وہ ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی پاکستان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے تحت جاری رہیں گے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا