مشرقِ وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ مختلف عرب ممالک میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ متعدد ممالک نے میزائل حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات
غیر ملکی ایجنسی کے مطابق ایرانی میزائل حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
حکومتِ امارات نے حملے کو قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہے۔
سکیورٹی خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود جزوی طور پر عارضی بند کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام پروازوں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ متاثرہ مسافروں کو رہائش اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دبئی کے علاقے مارینا میں بھی دھماکے کی آواز سنے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
قطر
قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے العدید ایئر بیس کے قریب زوردار دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ سائرن بجنے کے بعد حکام نے شہریوں کو فوجی تنصیبات سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قطری میزائل دفاعی نظام نے ایرانی میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔ قطری حکومت نے شہریوں کو موبائل فون الرٹس بھی جاری کیے ہیں۔

بحرین
بحرین میں دھماکوں کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ بحرینی وزارت داخلہ نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بحرین میں امریکی بحری اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹس میں جفیر کے علاقے سے دھواں اٹھنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ بحرین میں امریکی بحری بیڑے کی موجودگی کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔
کویت
عرب میڈیا کے مطابق کویت میں بھی زوردار دھماکے سنے گئے۔ کویتی افواج نے ایرانی میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں جنگی سائرن بجائے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب
سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔
یمن
یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل اور بحیرہ احمر میں جہازوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے سمندری راستوں کی سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
خطے میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور مختلف ممالک کی جانب سے دفاعی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عالمی برادری کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی اپیلیں بھی جاری ہیں۔





