اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ملک بھر میں کمرشل اور پرائیویٹ ڈرون اُڑانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق تاحکمِ ثانی کسی بھی قسم کا کمرشل یا نجی ڈرون اُڑانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں خصوصی ہدایات
خیبر پختونخوا حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ مشکوک ڈرون یا کسی نامعلوم آلے کی برآمدگی کی صورت میں فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لیا جائے۔ بم ڈسپوزل یونٹ یا تربیت یافتہ عملے کے علاوہ کسی کو بھی مشکوک مواد کو ہاتھ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید برآں ضلع باجوڑ میں ایک ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
دیگر علاقوں میں بھی پابندیاں
بلوچستان حکومت نے بھی امن و امان میں ممکنہ خلل کے خدشے کے پیش نظر ڈرون پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔
اسی طرح ڈیرہ غازی خان اور وادی نیلم میں سیکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات عوام کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔





