ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے جواب میں خطے میں موجود امریکا کے 14 اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں سیکڑوں امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق ایران کی افواج کا طاقتور آپریشن بھرپور قوت سے جاری رہے گا اور امریکی اڈوں پر ایرانی فورسز کے حملے مزید شدت کے ساتھ ہوں گے۔ ایرانی حکام نے اس جوابی کارروائی کو ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان سینٹ کام کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی دعویٰ 200 امریکی فوجیوں کی ہلاکت یا زخمی ہونے کے حوالے سے غلط ہے۔ ترجمان سینٹ کام کے مطابق امریکی بحریہ کے جہاز کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ بھی درست نہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں (اسرائیل) کے مرکز میں واقع فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔ ایران کا کہنا ہے کہ ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ امریکی فوج اور صہیونی حکومت کے خلاف کیا گیا، جس کے تحت جارح دشمن کے علاقائی اہداف پر حملے کیے گئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔





