پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ آسان فیصلہ نہیں تھا، حالات بہتر ہوتے ہی کمی ہوگی: عظمیٰ بخاری

0
303

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی اور مثالی گاؤں پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مختلف منصوبوں کا پکٹوریل جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مون سون سے قبل نکاسی آب کے تمام پراجیکٹس مکمل کیے جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانی کی کمی، نکاسی آب اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے لیے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 358 انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ شہروں میں بارش کے پانی کے بروقت نکاس کے لیے 34 بڑے انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک اور ری چارج ویلز بھی بنائے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں 6 ہزار 100 کلومیٹر سٹریٹس اور سیوریج لائنیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے 61 ڈسپوزل اسٹیشن بحال اور 56 نئے ڈسپوزل اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں 328 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ مختلف شہروں میں 3 ہزار 498 کلومیٹر سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی اور 14 ہزار 679 مقامات پر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ گلیوں اور راستوں پر 33 ملین مربع فٹ ٹف ٹائل بچھائی جائیں گی اور نکاسی آب کے نظام کے لیے 526 جدید مشینیں اور ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے۔

بریفنگ کے مطابق سرگودھا، ڈی جی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان اور سیالکوٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبے شروع ہو چکے ہیں جبکہ جہلم، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور راولپنڈی میں بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔

مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت 485 دیہات میں 59 ارب روپے کی ترقیاتی سکیمیں شروع کی جائیں گی جبکہ ابتدائی مرحلے میں 200 دیہات میں منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹس فعال رکھنے اور دیہات میں ترجیحی بنیادوں پر پختہ گلیاں بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ گجرات اور سیالکوٹ میں ڈرینج پراجیکٹس جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقی کے بڑے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں اور شہروں کے ساتھ دیہات میں بھی ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان کارڈ کے تحت 25 لاکھ سے زائد کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 42 لاکھ خاندانوں کو اس سہولت سے فائدہ پہنچایا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تقریباً 500 ارب روپے سے سیوریج کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ تمام منصوبوں کے ٹھیکے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے دیے گئے جس سے 13 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی جنگی حالات کے باعث معیشت متاثر ہو رہی ہے اور پٹرول کی قیمت بڑھانا آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم حکومت نے تخمینے سے کم اضافہ کیا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی قیمتیں کم کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ کسی کو بھی پٹرول ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا