بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشتگرد ہلاک

0
679

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 مارچ کو خفیہ اطلاع پر ضلع ہرنائی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بسیمہ میں کیا گیا جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا اور شدید مقابلے کے بعد مزید 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان اور وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا