بیروت: اسرائیل نے جنوبی لبنان میں فضائی حملہ کرتے ہوئے ایک کلینک کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فضائی حملہ جنوبی قصبے برج قلعویہ میں واقع ایک کلینک پر کیا گیا جہاں طبی عملہ ڈیوٹی پر موجود تھا۔
بیان کے مطابق حملے کے نتیجے میں کلینک مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں ڈاکٹرز، نرسیں اور ایمبولینس سروس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حملے میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں میں بھی حملے کیے جن میں رہائشی عمارتوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں سڑکوں، پلوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں انخلا کے عمل کو بھی تیز کر دیا ہے۔





