آبنائے ہرمز کو ہر صورت کھولا جائے گا، امریکا عالمی بحری اتحاد بنانے کو تیار: ٹرمپ

0
695

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کسی نہ کسی طرح آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر اسے محفوظ اور آزاد بنا دے گا تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر نہ ہو۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا کو امید ہے کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک اس اہم آبی گزرگاہ کی حفاظت کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے بحریہ تعینات کرنے پر آمادہ ہیں تاکہ ایران کی جانب سے کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس دوران امریکا ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں یا جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ان اطلاعات کو بھی مسترد کر دیا جن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے شہزادہ سلطان ایئر بیس پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 5 امریکی ٹینکر طیارے تباہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بیس کو چند روز قبل نشانہ ضرور بنایا گیا تھا تاہم طیارے تباہ نہیں ہوئے۔ پانچ میں سے چار طیاروں کو بہت معمولی یا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

امریکی صدر کے مطابق یہ طیارے دوبارہ آپریشنل سروس میں واپس آ چکے ہیں جبکہ ایک طیارے کو نسبتاً زیادہ نقصان پہنچا تھا جسے مرمت کے بعد جلد دوبارہ استعمال کے قابل بنا لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کو ملانے والی دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں سے ایک ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا