کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے سالانہ اجلاس میں ممتاز صحافی کاظم خان ایک بار پھر بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے، جبکہ ایاز خان کو سینئر نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔
اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق غلام نبی چانڈیو کو سیکریٹری جنرل اور تنویر شوکت کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ اسی طرح عارف بلوچ فنانس سیکریٹری، منزہ سہام انفارمیشن سیکریٹری جبکہ مختلف صوبوں اور ریجنز سے نائب صدور بھی منتخب ہوئے جن میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور راولپنڈی/اسلام آباد کے نمائندے شامل ہیں۔
جوائنٹ سیکریٹریز میں منیر بلوچ، مقصود یوسفی، تنویر صدیقی، بابر نظامی اور یحییٰ سدوزئی شامل ہیں۔
اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین میں ملک بھر سے متعدد صحافیوں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین علی رضا لہڑی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔
اجلاس میں پرنٹ میڈیا کے مستقبل، ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش معاشی مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے سرکاری اشتہارات کی کمی اور علاقائی اخبارات کو درپیش مالی مسائل پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے منصفانہ پالیسی، سبسڈی اور اشتہارات کی شفاف تقسیم کا مطالبہ کیا۔
نومنتخب صدر کاظم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2026 کو آزادی صحافت کے تحفظ اور مزاحمت کا سال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز، پروپیگنڈا اور غیر ذمہ دارانہ صحافت کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر لکھنے والا یا کیمرے کے سامنے آنے والا شخص صحافی نہیں ہوتا، اور اصل صحافت کی عزت و وقار کا تحفظ ضروری ہے۔
اجلاس کے اختتام پر مرحوم عامر محمود کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کی یاد میں خصوصی تعزیتی سیشن بھی منعقد ہوا۔






