سنگاپور: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پاکستان کو امریکا کا مخلص دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں اہم اور مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
سنگاپور میں ایک انٹرویو کے دوران پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جو بھی معاہدہ ہوگا، وہ ایک اچھا معاہدہ ہوگا، تاہم ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کے کردار سے متعلق سوال کے جواب میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان امریکا کا ایک مخلص دوست ہے اور وزیراعظم شہباز شریف و فیلڈ مارشل عاصم منیر امن کوششوں میں شاندار کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سچی دوستی پروان چڑھ رہی ہے۔
پیٹ ہیگستھ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے متعلق تمام فیصلے امریکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے۔






