ساہیوال: اسپیشل جج اینٹی کرپشن ساہیوال مسعود الحسن نے حویلی لکھا قبرستان کی اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا اور ان کے بیٹے موسیٰ مانیکا کو بری کر دیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے وقت خاور مانیکا اور موسیٰ مانیکا عدالت میں موجود تھے، جبکہ عدالت نے مقدمے میں نامزد خاور مانیکا کے دوسرے بیٹے ابراہیم مانیکا کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اس کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے تقریباً تین سال قبل حویلی لکھا قبرستان کی اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، جس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔






