مراکش سے 60 ہزار غیر قانونی تارکین وطن اسپین میں داخل، 34 افراد ہلاک

0
65

سیوٹا: مراکش سے تقریباً 60 ہزار غیر قانونی تارکین وطن سرحد عبور کرکے اسپین کے خودمختار شہر سیوٹا میں داخل ہوگئے، جبکہ سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تارکین وطن نے گزشتہ روز سمندری اور زمینی راستوں سے اسپین میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے دوران ہزاروں افراد سیوٹا میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ہسپانوی حکام کے مطابق غیر قانونی داخلے کی کوششوں کے دوران مختلف حادثات اور جھڑپوں میں اب تک 34 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔

اس معاملے پر اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ سیوٹا میں پیش آنے والا واقعہ اسپین کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ عدالت کے ایک فیصلے کی غلط تشریح کرتے ہوئے غیر قانونی ہجرت کو فروغ دے رہے ہیں۔

پیڈرو سانچیز نے کہا کہ سیوٹا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے تارکین وطن کی وطن واپسی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تعاون پر مراکشی حکام کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ سیوٹا اور میلیلا افریقہ میں واقع اسپین کے خودمختار علاقے ہیں اور یہی یورپی یونین اور افریقہ کے درمیان واحد زمینی سرحدیں ہیں، جہاں سے غیر قانونی تارکین وطن اکثر یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا