قومی اسمبلی میں پمز آتشزدگی پر افسوس کی متفقہ قرارداد منظور، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

0
443

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد میں واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ آتشزدگی کے تمام اسباب اور حالات کو سامنے لایا جائے۔

ایوان نے قرار دیا کہ اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا حفاظتی اقدامات میں کوتاہی ثابت ہوتی ہے تو یہ انتہائی سنگین معاملہ ہوگا، لہٰذا ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ایوان نے زور دیا کہ جہاں حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث معصوم جانوں کا نقصان ہوا ہو، وہاں ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔

قومی اسمبلی نے وفاقی حکومت کے زیرانتظام اسپتالوں، بالخصوص نومولود اور بچوں کے یونٹس میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

ایوان نے جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔

یہ قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور وفاقی رابطہ کار برائے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال دانیال چوہدری نے پیش کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا