ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

0
227

اسلام آباد: وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہداء ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد شہدائے وطن کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ 1965ء کی جنگ میں پاک فوج نے پوری قوم کے تعاون اور جذبے کے ساتھ دشمن کے عزائم ناکام بناتے ہوئے دفاع وطن کی نئی تاریخ رقم کی۔

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی آزادی، خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

۔1965ء کی جنگ کا پس منظر

۔1965ء کی جنگ کے بنیادی اسباب میں مقبوضہ کشمیر کا تنازع اور پاکستان بھارت کشیدگی شامل تھے۔ 6 ستمبر 1965ء کو بھارتی فوج نے بین الاقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے لاہور کے محاذ پر حملہ کیا، تاہم پاکستانی افواج نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے دشمن کی پیش قدمی روک دی۔

لاہور کے محاذ پر ستلج رینجرز کے جوانوں نے بھی دفاع وطن میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

چونڈہ کا تاریخی معرکہ

سیالکوٹ کے چونڈہ محاذ پر بھی پاکستانی فوج نے بھارتی افواج کی بڑی پیش قدمی کا مقابلہ کیا۔ بھارتی فوج نے بھاری ٹینکوں اور بڑی تعداد میں فوج کے ساتھ حملہ کیا، تاہم پاکستانی افواج نے شدید مزاحمت کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنادیے۔

چونڈہ کا معرکہ 1965ء کی جنگ کی نمایاں لڑائیوں میں شمار ہوتا ہے اور اسے ٹینکوں کی بڑی جنگوں میں بھی اہم مقام حاصل ہے۔

پاک فضائیہ کی کارروائیاں

۔1965ء کی جنگ کے دوران پاک فضائیہ نے بھی بھارتی فضائی اڈوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ پٹھان کوٹ، آدم پور اور ہلواڑہ سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ پاکستانی پائلٹوں نے فضائی محاذ پر بھی غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر قوم اس عزم کا اعادہ کر رہی ہے کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری، سالمیت اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ قوم شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع اور استحکام کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کررہی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا