مریم نواز نے تین صوبوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دے کر بھارت کو کلین چٹ دی: سہیل آفریدی

0
320

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تین صوبوں کو دہشتگردی کی بنیاد قرار دے کر انہوں نے مودی اور بھارت کو کلین چٹ دے دی ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے بیان سے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عالمی مؤقف کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ صوبوں کے خلاف متعصبانہ رویہ ملک کو تقسیم کرنے کی سوچ کا عکاس ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دوسروں پر بیان بازی کرکے اپنی کارکردگی کی کمزوریاں نہیں چھپائی جاسکتیں۔ پنجاب حکومت صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر کام کررہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے پر پنجاب حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید وسائل اور بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ پنجاب کو ہمسایہ ممالک سے کم جبکہ دیگر صوبوں سے آنے والے سکیورٹی خطرات سے زیادہ خطرہ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی سکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں، جبکہ صوبے کے بارڈر ایریاز سے آنے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کچے کے علاقے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، تاہم فوج اور سندھ حکومت کے تعاون سے وہاں حالات پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلیجنس ہب سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ثابت ہوگا، جس سے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور مؤثر کارروائی میں مدد ملے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا