اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جشن آزادی مشاعرے کا اہتمام

0
150

اسلام آباد (روزنامہ طلوع)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کلچرل فورم کے اشتراک سے ملک کا 76واں جشن آزادی منانے کیلئے ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں افتخار عارف، فروفیسر جلیل عالی، علی اکبر عباس، نسیم سحر، حسن عباس رضا، محبوب ظفر، قیوم طاہر، طارق نعیم، وفا چشتی، سلمان باسط، رانا سعید دوشی، ڈاکٹر جنید آزر،درشہوار توصیف، شازیہ اکبر، عباس ہاشمی اور شہباز چوہان سمیت ملک کے نامور شعراء نے شرکت کی۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں ان کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی ہو اور بانی پاکستان محمد علی جناح کی قیادت میں اس عظیم نظریے کو عملی جامہ پہنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم اور مفکر پاکستان نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں قوم کے ہر فرد کو زندگی کی بنیادوں ضروریات آسانی سے دستیاب ہوں اور وہ پرسکون زندگی گزار رہے ہوں لہذا ان کے خوابوں کی تعبیر کیلئے ہمیں بحیثیت قوم اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نامور شاعر افتخار عارف نے کہا کہ جشن آزادی ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ پاکستان کو غربت سے نکال کر ایک خوشحال ملک بنانے کیلئے ہم سب محنت و لگن سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جہاں بہت سے شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے وہاں پاکستان میں ابھی بھی چالیس فیصد آبادی غربت کا شکار ہے جبکہ 2کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں لہذا ان مسائل کو حل کر کے ہی ہم جشن آزادی کے ثمرات سے بھرپور طریقے سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں 76واں جشن آزادی منانے پر قوم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کا حقیقی احساس آزادی کی عظیم نعمت کے بغیر ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے اور ہم سب کو مل کر اس ملک کو دنیا کا عظیم ملک بنانا ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ایک میثاق معیشت پر متفق ہوں تا کہ ملک کی ایک درست سمت کا تعین کیا جا سکے اور طویل المدت معاشی پالیسیاں بنا کر پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان کلچرل فورم کے چیئرمین اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن بانیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے عظیم قربانیاں دے کر ہمارے لئے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو دنیا کی ایک عظیم مملکت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو گذشہ کئی دہائیوں سے حصول آزادی کیلئے برسرپیکار ہیں۔اس موقع پر شعراء نے جشن آزادی کے حوالے سے لہو گرمانے والے اشعار پیش کئے اور شرکاء سے داد تحسین حاصل کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا