لاہور(طلوع نیوز) احتساب عدالت نے نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ احمد چیمہ نے احتساب عدالت لاہور میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 20 سے 27 اگست تک بیرون ملک کا سرکاری دورہ کرنا ہے، احتساب عدالت لاہور نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے احد چیمہ کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے ۔ جبکہ اس سے قبل احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ہوئی،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی ۔ دوران سماعت شہباز شریف کے پلیڈر انوار حسین پیش ہوئے جبکہ احد خان چیمہ کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ احد خان چیمہ بیرون ملک ہیں ان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔جونیئر وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ملک سے باہر ہیں،عدالتی تعطیلات کے بعد کی تاریخ دی جائے۔دوسری احتساب عدالت نے شہباز شریف اور دیگرکے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کر دی،عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور دیگر کی بریت کی درخواستوں پر حتمی دلائل طلب کئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز 18 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھایا تھا،نگران کابینہ سے حلف لینے کی تقریب ایوان صدر میں منقعد ہوئی۔ 18 رکنی نگران وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ صدر عارف علوی نے 18 رکنی نگران کابینہ سے حلف لیا۔ لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نگران وزیر دفاع ہوں گے،سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباسی جیلانی کو نگران وزیر خارجہ کا قلمدان دیا گیا۔ڈاکٹر شمشاد اختر وزیر خزانہ ہوں گی۔






