اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم دفاع پاکستان منانے کیلئے تقریب کا انعقاد

0
138

اسلام آباد(طلوع نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم دفاع پاکستان منانے کیلئے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور سابق چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان مہمان خصوصی تھے جبکہ سنیٹر جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم نے بطور اعزازی مہمان تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ 6ستمبر کو ہماری تاریخ میں ایک خصوصی اہمیت ہے کیونکہ اس دن دشمن نے پاکستان کی سالمیت پر حملہ کیا لیکن ہماری مسلح افواج اور پوری قوم نے بے مثال یکجہتی کے ساتھ دشمن کا حملہ پسپا کر کے اس کے مزموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن پاکستان نیوی نے سومناتھ آپریشن کے ذریعے انڈیا کے رڈار سٹیشن اور گجرات کی ساحلی تنصیبات کو ناکارہ بنا کر انڈین نیوی پر نفسیاتی برتری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کی غازی آبدوز نے انڈین بحری بیڑے کو انڈیا کی بندرگاہ تک ہی محدود رکھا جس وجہ سے دشمن پاکستان کی سرحدوں کی طرف پیش قدمی کرنے سے قاصر رہا۔ انہوں نے کہا کہ 1965کی جنگ میں انڈونیشیا اور سعودی عرب نے بھی پاکستان کی دفاعی شعبے میں مدد کی تھی۔ انہوں نے کہا آج کا دن ہمیں یہ یاددہانی کراتا ہے کہ ہم 1965کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کر کے ایک زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان بحران سے نکل کی ترقی پر گامزن ہو سکتا ہے۔
سابق چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6ستمبر کا دن پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال جرات و بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیت کی لازوال داستان پیش کرتا ہے لہذا آج کے دن ہم ان سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر اپنے وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے بھی اس جنگ میں ملکی دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس ملک کی فضائی حدود کا دفاع کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور دفاع پاکستان کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس وقت پاکستان معاشی طور پر ایک مشکل صورتحال میں ہے لیکن ہم نے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کیونکہ اس دن ہماری مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں نے وطن عزیز کا دفاع کرنے کیلئے بے مثال قربانیوں کی ایک نئی داستان رقم کی جو قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے 6ستمبر 1965کی جنگ میں جس طرح دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا قوم اس پر ہمیشہ فخر محسوس کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط معیشت کا وجود پاکستان کا دفاع مزید مضبوط بنانے کیلئے اشد ضروری ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کاروبار میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تا کہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے جس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی۔
سنیٹر جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6ستمبر پاکستان کی قومی اور ملٹری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965کی جنگ میں پاکستان کے سپوتوں نے جس جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی بحرانوں سے نکلا ہے اور انشاء اللہ اس دفعہ بھی جلد موجودہ بحران سے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں بزنس کمیونٹی کا کلیدی کردار ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کئے جائیں جس سیہماری معیشت مضبوط ہو گی اور پاکستان کا دفاعی نظام مزید بہتر ہو گا۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے بھی 1965کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا یہ دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم مضبوط قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہم سب متحد ہو کر آئندہ بھی دشمن کے مزموم عزائم کو ہمیشہ اسی طرح ناکام بنائیں گے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ 6ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک قابل فخر دن ہے کیونکہ اس دن پاکستان کی مسلح افواج نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان پر ایک ایک ہائبرڈ وار مسلط کر کے قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے تاہم انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر اس جنگ کو ناکام بنانا ہے اور پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے جس سے ہمارا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔
چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے بھی 6ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے پورے ملک کی بزنس کمیونٹی اپنی مسلح افوا ج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر ملک کے معروف گلوکار ساحر الی بگہ نے ملکی نغمے پیش کئے اور شرکاء سے داد تحسین وصول کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا